یومِ آزادی گلگت بلتستان کی شاندار تقریبات، وزیراعلیٰ امجد حسین کا ایف سی این اے، افواجِ پاکستان اور متعلقہ اداروں کو خراجِ تحسین

Gilgit baltistan independence day

گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے یکم نومبر یومِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر شاندار اور پروقار تقریبات کے انعقاد پر فورس کمانڈر ایف سی این اے، افواجِ پاکستان اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایف سی این اے کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریبات کے ذریعے گلگت بلتستان کی ثقافت، صلاحیتوں اور مثبت تشخص کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ آرمی ہیلی پیڈ میں بہترین نظم و ضبط اور شاندار انتظامات کے ساتھ تقریبات کا انعقاد قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں اور ان کے خاندانوں کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے تقریبات میں شرکت کرنے والے افواجِ پاکستان، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، پولیس، رینجرز، ایف سی، ایس سی او، سول سوسائٹی، اسکولوں کے بچوں اور دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کی بھرپور شرکت گلگت بلتستان کے عوام کی اپنی تاریخ، ثقافت اور آزادی کی جدوجہد سے گہری وابستگی کا اظہار ہے۔

انہوں نے چنار باغ گلگت میں یادگارِ شہداء پر پروقار تقریب کے انعقاد پر محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان کے تینوں ڈویژنوں اور مختلف اداروں کے فلوٹس کو سراہنے کے ساتھ پیراگلائیڈنگ کا مظاہرہ کرنے والے تینوں جوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعلیٰ امجد حسین نے کہا کہ یومِ آزادی ہمارے لیے باعثِ فخر دن ہے اور ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں کو ان کی عظیم قربانیوں اور خدمات کے شایانِ شان خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہیے۔

انہوں نے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع اور تعلیمی اداروں میں یومِ آزادی کی تقریبات کے کامیاب انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، اساتذہ، اسکولوں کے منتظمین اور طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات نے پورے خطے میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور جذبہ آزادی کو مزید تقویت بخشی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی یکم نومبر کو یومِ آزادی گلگت بلتستان اسی جوش و جذبے اور شان و شوکت سے منایا جاتا رہے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں