چلاس میں یومِ آزادی گلگت بلتستان قومی جوش و جذبے سے منایا گیا، کمشنر عظیم اللہ نے پرچم کشائی کی

چلاس:* ضلع دیامر میں یومِ آزادی گلگت بلتستان یکم نومبر قومی جوش و جذبے، ملی یکجہتی اور شایانِ شان انداز میں منایا گیا۔ دن کا آغاز صبح 7 بج کر 59 منٹ پر سائرن بجا کر کیا گیا، جبکہ صبح 9 بجے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول چلاس میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں کمشنر دیامر استور ڈویژن عظیم اللہ نے قومی پرچم لہرایا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

تقریب میں ڈویژنل و ضلعی سربراہان، عمائدین علاقہ، اساتذہ، میڈیا نمائندگان، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد طلبہ نے ملی نغمے، ترانے اور تقریری مقابلوں میں حصہ لیا اور گلگت بلتستان کی آزادی کی جدوجہد اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر دیامر استور ڈویژن عظیم اللہ نے کہا کہ یکم نومبر ہماری تاریخ کا روشن باب ہے، ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اس خطے کو ڈوگرہ راج سے آزاد کرایا۔ انہوں نے آزادی کے حصول کے لیے قربانیاں دینے والے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور تعلیمی مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ضلع بھر کی سرکاری و نجی عمارتوں کو قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔

تقریب میں آئی ایس پی آر کی جانب سے تیار کردہ خوبصورت ویڈیو ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ دیامر اور واپڈا کے تعاون سے یومِ آزادی کے سلسلے میں سپورٹس گالا بھی جاری رہا، جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں