وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا پی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، بدانتظامی اور غفلت پر ایچ او ڈی، ڈی ایم ایس اور اسٹور انچارج معطل، ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر کا حکم
گلگت: وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے پی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں بدانتظامی، عملے کی عدم حاضری اور مریضوں کو درپیش مشکلات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے لیبر بلاک میں ناقص انتظامات، عملے کی عدم حاضری اور ڈیوٹی روسٹر نمایاں جگہ پر آویزاں نہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایچ او ڈی اور ڈی ایم ایس کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
وزیر اعلیٰ نے لیبارٹری میں ضروری ٹیسٹوں کی عدم دستیابی اور دیگر شکایات پر اسٹور انچارج کو بھی معطل کرنے کا حکم دیا۔ جبکہ غیر معیاری ڈینٹل مشین کی فراہمی پر متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ امجد حسین نے ہسپتال میں مریضوں کو درپیش مشکلات اور مجموعی بدانتظامی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں کسی بھی قسم کی غفلت، لاپرواہی اور بدانتظامی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی، عملے کی حاضری اور انتظامی امور کو بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔



