گلگت بلتستان میں 3 ماہ کےدوران 6 لاکھ افرادکی ہیپاٹائٹسس یاسکریننگ کی مہم کافیصلہ،وفاق کاکٹس کی فراہمی کااعلان

اسلام آباد / گلگت (پریس ریلیز): گلگت بلتستان میں آئندہ تین ماہ کے دوران چھ لاکھ افراد کی ہیپاٹائٹس سی اسکریننگ کے لیے ایک وسیع مہم شروع کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں گلگت بلتستان میں صحتِ عامہ کے مسائل اور ہیپاٹائٹس سی کی روک تھام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر سعید اختر نے ہیپاٹائٹس سی کی تشخیص اور تدارک سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کو ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کے لیے ماڈل آبادیوں کے طور پر منتخب کیا گیا ہے تاکہ یہاں کے تجربے کو بنیاد بنا کر اسکریننگ کا دائرہ ملک کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جا سکے۔ وفاقی وزارتِ صحت کی جانب سے گلگت بلتستان کے متعلقہ طبی عملے کو تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 6 لاکھ اسکریننگ کٹس اور 25 ہزار پی سی آر ٹیسٹ کٹس بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ امجد حسین نے اس تعاون پر وفاقی وزیرِ صحت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت آئندہ تین ماہ کے دوران عوامی سطح پر وسیع اسکریننگ مہم کا آغاز کرے گی جس کا ہدف کم از کم 6 لاکھ افراد کی اسکریننگ ہے۔ اس مہم کے تحت 60 ہزار سرکاری ملازمین سمیت اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات کو بھی شامل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ صحتِ عامہ کے تحفظ اور موذی بیماریوں سے بچاؤ کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ صوبائی حکومت احتیاطی صحت کی خدمات کے فروغ کے تحت اس مہم پر سنجیدگی اور مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنائے گی۔
ملاقات میں وفاقی سیکریٹری صحت، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، صوبائی وزیرِ تعمیرات اور سیکریٹری برائے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی موجود تھے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں