دیہی معیشت کااستحکام ترجیح، ’ون ویلیج،ون پروڈکٹ‘ اورکسان کارڈکاجلداجراءہوگا: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت (ویب ڈیسک): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے زراعت، لائیوسٹاک اور فشریز (ALF) ریفارمز سٹیئرنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں دیہی معیشت کو زراعت، لائیوسٹاک اور فشریز کے شعبوں کے ذریعے مستحکم اور خوشحال بنانا شامل ہے۔ اسی مقصد کے تحت ”ون ویلیج، ون پروڈکٹ“ (One Village, One Product) کا تصور متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ مقامی کسانوں اور زمینداروں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے ساتھ مقامی پیداوار کو فروغ دیا جا سکے۔


زرعی ادویات میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی اور کسان کارڈ کا اجراء
وزیر اعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ غیر معیاری زرعی ادویات، بیج اور کھاد فروخت کرنے والوں کے خلاف محکمہ زراعت کے افسران کے تعاون سے سخت اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے زرعی پالیسی کو جلد حتمی شکل دے کر کابینہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ مقامی کسانوں کو بروقت سہولیات اور معاونت کی فراہمی کے لیے ”کسان کارڈ“ کے جلد اجراء کی بھی ہدایت کی گئی۔
مشروم فارمنگ اور آرگینک پروڈکٹس کو فروغ دینے کا فیصلہ
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مشروم فارمنگ کے وسیع مواقع موجود ہیں، لہٰذا سیکریٹری زراعت اس کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں اور کسانوں کو درکار معاونت فراہم کریں۔ انہوں نے گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے حکام کو ہدایت کی کہ بڑے مالز اور اسٹورز میں مقامی آرگینک اشیاء کی فروخت و تشہیر کے لیے جگہ مختص کرائی جائے، جبکہ گلگت اور سکردو میں خصوصی ”آرگینک اسٹورز“ کے قیام کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔
محکمے کی ڈیجیٹلائزیشن اور نئی ملازمتوں کی ہدایت
محکمہ زراعت، لائیوسٹاک اور فشریز میں آن لائن پورٹل کے نظام پر وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری زراعت اور سیکریٹری آئی ٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے نظام میں شفافیت آئے گی۔ مزید برآں، محکمے کی استعداد کار بڑھانے کے لیے خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل تیز کرنے اور ضروری آسامیوں کی ری ڈیزگنیشن کا کیس محکمہ سروسز کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی۔
انٹرن شپ پروگرام اور روایتی چکیوں کی بحالی
زراعت کے شعبے میں فارغ التحصیل نوجوانوں کے لیے ”وزیر اعلیٰ ایگری کلچر انٹرن شپ پروگرام“ متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تاکہ نوجوانوں کو عملی تجربہ مل سکے۔ اجلاس میں پانی سے چلنے والی روایتی آٹا پیسنے کی چکیوں کی بحالی اور تحفظ کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں صوبائی سیکریٹری زراعت عثمان احمد، سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ صفدر خان، ای ٹی آئی کے پروگرام کوآرڈینیٹر میر وقار، سیکریٹری آئی ٹی ضمیر عباس، سیکریٹری واٹر مینجمنٹ رحیم گل سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور مقامی کسانوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں