چلاس: ضلعی انتظامیہ دیامر اور واپڈا کے زیرِ اہتمام سپورٹس گالا کا شاندار آغاز، یومِ آزادی گلگت بلتستان کی مناسبت سے نمائشی میچ کا انعقاد
چلاس: ضلعی انتظامیہ دیامر اور واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے مشترکہ زیرِ اہتمام سپورٹس گالا کا باقاعدہ آغاز روئنی پولو گراؤنڈ چلاس میں فلک مارچ اور افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوگیا۔
افتتاحی تقریب میں کمشنر دیامر استور ڈویژن عظیم اللہ، سی ای او واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ نزاکت علی، جنرل منیجر سیف گارڈز میجر (ر) محمد طارق سمیت مختلف سرکاری اداروں کے سربراہان اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں نے فلک مارچ پیش کیا، جبکہ یکم نومبر یومِ آزادی گلگت بلتستان کی مناسبت سے خصوصی نمائشی میچ کا بھی انعقاد کیا گیا۔

سپورٹس گالا کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دینا، صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھانا، باہمی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
ایونٹ کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کھیل کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
ضلعی انتظامیہ دیامر اور واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی مشترکہ کاوش سے منعقد ہونے والے اس سپورٹس گالا کو علاقے میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور مثبت معاشرتی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔



