یومِ جشنِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر واپڈا دیامر اسپورٹس گالا 2026 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب
یکم نومبر 2026: یومِ جشنِ آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تعاون سے ضلعی انتظامیہ دیامر کے زیرِ اہتمام واپڈا دیامر اسپورٹس گالا 2026 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب چلاس کے رونئی پولو گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر دیامر استور ڈویژن عظیم اللہ تھے، جبکہ میرِ محفل دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر انجینئر نزاکت حسین تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سوشل سیف گارڈ واپڈا، ضلعی انتظامیہ دیامر کے مختلف محکموں کے سربراہان، واپڈا حکام، گلگت بلتستان اسکاؤٹس اور پولیس کے سینئر افسران سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران اسپورٹس گالا میں حصہ لینے والی فٹ بال، والی بال اور کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ اس موقع پر پولو کی دو ٹیموں، ہڈور اور تھک کے مابین نمائشی میچ بھی کھیلا گیا، جس میں تھک کی ٹیم نے 6 کے مقابلے میں 10 گول سے کامیابی حاصل کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی کمشنر دیامر استور ڈویژن عظیم اللہ نے واپڈا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس بڑے کھیلوں کے میلے کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ واپڈا نے اسپورٹس گالا کے انعقاد کے ذریعے دیامر کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور صوبائی و قومی سطح پر آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کا موقع فراہم کیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ڈاکٹر انجینئر نزاکت حسین نے کہا کہ واپڈا دیامر میں سماجی و معاشی ترقی کے لیے متعدد اقدامات کر رہا ہے اور واپڈا دیامر اسپورٹس گالا بھی انہی کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چلاس واٹر سپلائی، چلاس سیف سٹی اور چلاس سیوریج سسٹم سمیت دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ مقامی ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً ایک ارب روپے ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنا قیمتی وقت تعلیم اور کھیلوں سمیت دیگر صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف کریں۔ تقریب کے اختتام پر فاتح پولو ٹیم کو ٹرافی سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ واپڈا دیامر اسپورٹس گالا 2026 کے تحت ایک ہفتے پر محیط کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں فٹ بال، والی بال، کرکٹ اور رسہ کشی شامل ہیں۔ ان مقابلوں میں 30 سے زائد ٹیموں کے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
اسپورٹس گالا کے انعقاد کا مقصد روایتی اور ثقافتی کھیلوں کو فروغ دینا، مقامی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور نوجوانوں کو صحت مند، مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے




