کوہاٹ میں دریائے سندھ پر سونےکی غیرقانونی مائننگ کےخلاف آپریشن کے بعدخوارج کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں دریائے سندھ کے قریب غیرقانونی سونے کی مائننگ کے خلاف آپریشن کے بعد واپسی پر پولیس پارٹی پر حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں 18 حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب درابو کچ میں غیرقانونی طور پر سونے کی مائننگ کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا۔

پولیس حکام کے مطابق آپریشن مکمل کرنے کے بعد واپسی پر جرائم پیشہ عناصر کے ایما پر فتنہ الخوارج نے پولیس پارٹی پر حملہ کردیا۔ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کا بھرپور مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 18 حملہ آور ہلاک ہوئے۔

ترجمان پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک ڈی ایس پی سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ بیرونی قوتوں کے ایما پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا مبینہ گٹھ جوڑ اور پولیس پارٹی پر مشترکہ حملہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جرائم پیشہ مافیا اور شدت پسند عناصر کے درمیان منظم روابط موجود ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ واقعہ ایک بار پھر ظاہر کرتا ہے کہ فتنہ الخوارج کا دین اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں اور یہ عناصر اپنے مذموم مقاصد کے لیے جرائم پیشہ مافیا کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

خیبر پختونخوا پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بیرونی پشت پناہی سے کام کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اور شدت پسندوں کے خلاف ہر ممکن کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ مافیا کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور علاقے میں کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں