اسکول سے نکالے جانے والے بچے سے ڈاؤن سنڈروم کے متاثرہ افراد کی توانا آواز بننے تک، پیار علی کی متاثر کن جدوجہد

گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے پیار علی نے موسیقی، رقص اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے ڈاؤن سنڈروم کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کا مشن شروع کر دیا، سوشل میڈیا پر ان کی کہانی دیگر خاندانوں کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام بن گئی۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے تعلق رکھنے والے پیار علی کی زندگی مشکلات سے جدوجہد اور کامیابی کی ایک متاثر کن داستان ہے۔ بچپن میں انہیں محض اس وجہ سے اسکول سے واپس بھیج دیا گیا کہ وہ دیگر بچوں سے مختلف تھے۔ علاقے میں خصوصی یا شمولیتی تعلیم کی سہولیات میسر نہ ہونے کے باعث پیار علی رسمی تعلیمی نظام سے محروم رہے، جبکہ بچپن میں انہیں صحت کے سنگین مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

تاہم مشکلات کے سامنے ہمت نہ ہارنے والے پیار علی آج اپنی صلاحیتوں کے ذریعے معاشرے میں ایک منفرد شناخت بنا رہے ہیں۔ وہ ایک بہترین رقاص، گلوکار، تمبک نواز، ڈاؤن سنڈروم کے حوالے سے آگاہی پھیلانے والے سماجی کارکن اور کمیونٹی رضاکار ہیں۔

پیار علی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی موسیقی، شاعری، روزمرہ زندگی، مشکلات اور ڈاؤن سنڈروم کے ساتھ اپنے تجربات لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔ ان کی یہ کوششیں اب غذر کی حدود سے نکل کر ملک کے دیگر علاقوں تک پہنچ رہی ہیں۔

ڈاؤن سنڈروم کے حامل بچوں کے والدین اور اہل خانہ نے پیار علی سے رابطے کرکے بتایا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کی زندگی اور سرگرمیوں کو دیکھ کر انہیں امید، حوصلہ اور اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے مثبت سوچ ملی ہے۔ ان کی کہانی نے ڈاؤن سنڈروم کے حامل دیگر نوجوانوں کو بھی اپنی صلاحیتیں سامنے لانے اور اپنی شناخت پر فخر کرنے کی ترغیب دی ہے۔

پیار علی آغا خان سوشل ویلفیئر بورڈ راولپنڈی کے زیر اہتمام قائم کردہ بینڈ ڈی اے آئی (ڈس ایبلٹی اینڈ انکلوژن) میں تمبک نواز کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ڈاؤن سنڈروم سے متعلق آگاہی اور ماحول دوست طرزِ زندگی کے فروغ کے لیے بھی استعمال کر رہے ہیں۔

معاشرے میں آج بھی ڈاؤن سنڈروم کے حامل افراد کو مذاق، نظراندازی، امتیازی سلوک اور سماجی محرومی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے ماحول میں پیار علی کی جدوجہد ایک مثبت مثال ہے۔

وہ اپنی موسیقی، رقص، سماجی سرگرمیوں اور روزمرہ زندگی کے ذریعے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ایک اضافی کروموسوم کسی انسان کی صلاحیت، وقار اور مواقع حاصل کرنے کے حق کو کم نہیں کر سکتا۔

پیار علی کی کہانی دراصل ان کاموں کی نہیں جنہیں ڈاؤن سنڈروم کے باعث وہ نہیں کر سکتے، بلکہ ان امکانات کی داستان ہے جو اس وقت حقیقت بن سکتے ہیں جب معاشرہ ہر فرد کو اپنی صلاحیتیں دکھانے، اظہارِ خیال کرنے اور زندگی کے مختلف شعبوں میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کرے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں